حیدرآباد (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہم نے فیصلہ کرلیا، معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کو بھگانا ہے۔27 فروری کو اسلام آباد کیلئے نکلیں گے اور انکی حکومت کو ختم کریں گے۔
مہنگائی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی بےروزگاری اور غربت تاریخی سطح پر پہنچ چکی، کسان بھوکا سونے پر مجبور ہے اور حکومت کے سہولت کار سندھ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ آپ لوگ ساتھ چلیں گے تو حکمرانوں کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
بلاول بھٹو نے کہا کٹھ پتلیوں کا راج ختم کریں گے، عام آدمی کا راج ہوگا تو آپ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں ورنہ تبدیلی سرکار مزید تباہی پھیلاتی رہے گی۔ ہر شہری کا نمائندہ ہوں، میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دوں گا۔ آپ سے درخواست ہے کہ ان کی سازش کو ناکام بنا دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو اس بلدیاتی نظام کو کالا قانون بولتے ہیں ان کا منہ کالا ہوجائے گا، بلدیاتی انتخابات میں انہیں اپنی شکست کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ہمارا بلدیاتی نظام پہلی مرتبہ معاشی خود مختیاری دے گا۔ لوکل باڈی کے نمائندے اپنا ٹیکس خود جمع کریں گے، بڑے گھر والوں سے اچھا خاصا پراپرٹی ٹیکس وصول کریں گے۔ مجھے حیدرآباد میں جیالا میئر چاہئے، جس کیساتھ مل کر آپ کے مسائل حل کروں گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی مزید بولے کہ جو اپنے قائد سے وفا نہیں کر سکے وہ آپ سے کیا وفا کریں گے، وہ لوگ آپ کے، اس شہر اور صوبے کے دشمن ہیں۔ ہم آپ کی اور ہر طبقے کی خوشحالی چاہتے ہیں، آپ نے بینظیر کے ساتھ لانگ مارچ کرکے اس وقت کی کٹھ پتلی حکومت کو بھگایا، آج آپ نے موجودہ کٹھ پتلی حکومت کو بھگانا ہے۔