Friday, March 29, 2024

چین میں کرونا 35 زندگیاں نگل گیا، امریکا، آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں ایک ایک مریض ہلاک

چین میں کرونا 35 زندگیاں نگل گیا، امریکا، آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں ایک ایک مریض ہلاک
March 1, 2020
ووہان (92 نیوز) کرونا وائرس کے جان لیوا حملے جاری ہیں۔ چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 35 مریض دم توڑ گئے، امریکا، آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں بھی وائرس نے ایک ایک زندگی نگل لی۔ کرونا وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا، صرف گزشتہ 9 دنوں میں کرونا نے مزید 33 ممالک کا رخ کیا، وائرس 60 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں بھی ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہو رہا ہے، تاہم وائرس کو شکست دے کرصحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح، اموات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کرونا وائرس کے باعث تقریباً 3 درجن افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 570 سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ اُدھر امریکا اور آسٹریلیا میں بھی کرونا وائرس کا ایک، ایک مریض چل بسا۔ ہلاک امریکی شخص کی عمر 50 سے 60 سال کے درمیان جبکہ آسٹریلوی مریض کی عمر تقریباً 80 سال بتائی جاتی ہے۔ جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے تقریباً 4 سو نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 3500 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تقریباً ڈیڑھ درجن اموات بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔ اٹلی میں کروناوائرس کے 11 سو سے زائد مریض جبکہ تقریباً 30 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ ایران کو بھی کرونا نے بری طرح متاثر کیا ہے، جہاں تقریباً 600 مریضوں اور 40 سے زائد اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کرونا وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد اموات کے مقابلے میں 13 گنا سے بھی زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں کرونا کے 42 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔