Friday, April 26, 2024

چین میں کرونا سے مزید 47 ہلاک، دنیا بھر میں ہلاکتیں 2 ہزار 920 ہو گئیں

چین میں کرونا سے مزید 47 ہلاک، دنیا بھر میں ہلاکتیں 2 ہزار 920 ہو گئیں
February 29, 2020
ووہان (92 نیوز) چین میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 47 مریض دم توڑ گئے، دنیا بھر میں وائرس کے باعث اموات کی تعداد 2 ہزار 920 ہو گئی اور متاثرین کی تعداد 85 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 39 ہزار 4 سو سے زائد بتائی جاتی ہے۔ کرونا وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا، ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہو رہا ہے، تاہم وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح اموات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 45 سے زائد جبکہ متاثرین کی تعداد سوا چار سو کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔ جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کافی تیزی سے پھیل رہا ہے، جہاں تقریباً 6 سو نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 2900 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ درجن سے زائد اموات بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔ اٹلی میں کروناوائرس کے تقریباً 9 سو مریض جبکہ 20 سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ ایران کو بھی کرونا نے بری طرح متاثر کیا ہے، جہاں 380 سے زائد وائرس متاثرین سامنے آئے ہیں، جبکہ تقریباً 3 درجن اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ کرونا وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد اموات کے مقابلے میں 13 گنا سے بھی زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں کرونا کے 39 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔