Friday, April 19, 2024

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ بھارت ، شہریت قانون کیخلاف احتجاج میں شدت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ بھارت ، شہریت قانون کیخلاف احتجاج میں شدت
February 24, 2020
نئی دہلی (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت پر شہریت قانون کیخلاف احتجاج میں شدت آ گئی۔ ملک گیر مظاہروں نے خانہ جنگی کی شکل اختیار کر لی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی زمین پر قدم رکھا ہی تھا کہ مشرقی دہلی میں شہریت کےمتنازعہ قانون کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین ،مودی کے حامی انتہا پسند ہندوؤں اور پولیس کے درمیان ہنگامے پھوٹ پڑے۔ شمالی دہلی کے علاقے جعفرآباد اور موج پورمیں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ مکانات اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ پتھراؤسے ایک پولیس کانسٹیبل کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے فوج  کو طلب کر لیا گیا ہے۔ حالات کی شدت کے پیش نظر دہلی میٹرو نے جعفرآباد اور موج پور، بابر پور اسٹیشنوں کو بند کر دیا ہے۔ چاند باغ میں بھی تشدد برپا ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا۔ جعفرآباد کے قریب کل شام سے ہی فضا کشیدہ تھی جہاں ترمیم شدہ شہریت ایکٹ کی مخالفت اور حمایت کرنے والوں کے مابین جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔