Thursday, April 18, 2024

شکر ہے عمران خان نے بارہ موسم کہے، 24 نہیں، رانا ثناء

شکر ہے عمران خان نے بارہ موسم کہے، 24 نہیں، رانا ثناء
February 24, 2020
لاہور (92 نیوز) لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے بولے شکر ہے عمران خان نے بارہ موسم کہے، 24 نہیں کہہ دیئے۔ شہبازشریف مارچ میں اور نوازشریف روبصحت ہوتے ہی واپس آجائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ کی میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ 6 ماہ کی قید اور بدترین سیاسی نشانہ بننے کے بعد آج وکلاء سے ملنے آیا ہوں۔ پاکستان بار کونسل کا شکریہ ادا کرنے کے لیے حاضر ہوا ہوں، وکلا نے بھرپور ساتھ دیا۔ چئیرمین پاکستان بار کونسل سے درخواست کرنے آیا ہوں کہ جھوٹے مقدمات جن میں ریاست ملوث ہو اس کے خلاف سامنے آئیں۔ رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اداروں کو یرغمال بنا کر مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے۔ نیب اور ایف آئی اے کو خصوصی طور پر مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن مہنگائی کے اوپر نمبر نہیں بنانا چاہتی۔ پیپلزپارٹی اور مولانا نے احتجاج کا اعلان کیا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی جائے۔ لیگی رہنماء بولے کہ عمران خان نے بدترین انتقام لینے اور بھینسیں، کٹے، مرغیاں انڈے کے سوا کیا کام کیا، ان ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کرے گی۔