Friday, April 19, 2024

سرخ مرچ اور پیاز کے بحران کا خدشہ ، برآمد پر پابندی لگانے پر غور

سرخ مرچ اور پیاز کے بحران کا خدشہ ، برآمد پر پابندی لگانے پر غور
February 18, 2020
اسلام آباد(روزنامہ 92 نیوز )اگلے مہینے سے سرخ مرچ  اور پیاز کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، وفاقی حکومت نے پنجاب کے مطالبے پر پیاز اور سرخ مرچ کی برآمد پر پابندی لگانے پر غور شروع کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آٹا بحران کے بعد ملک میں دیگر غذائی اشیا کے بحران پیدا ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں پنجاب نے وفاق کو اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگلے ماہ مارچ میں ملک بھر میں پیاز اورسرخ مرچ کا بحران پیدا ہو سکتا ہے ، اس سلسلے میں فوری اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی حکومت نے فوری طور پر ملک بھر میں پیاز اور لال مرچ کی دستیابی اور طلب کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے ، تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ اگر اگلے ماہ سے پیاز اورلال مرچ کے بحران کا خدشہ ہوتو بروقت اقدامات کرکے اس کی برآمد پر پابندی عائد کی جائے ۔ وفاقی حکومت نے ملک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور شارٹیج کے تدارک کا مستقل حل نکالنے کیلئے ایک جامع قومی ایکشن پلان بھی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ منصوبہ ملک میں ابتدائی طور پر 5اشیا ئے ضروریہ دودھ،گھی،کوکنگ آئل،مصالحہ جات ،دالوں کی دستیابی کو ممکن بنائے گا۔ اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، سیکرٹری داخلہ،اور چیف کمشنر اسلام آبادسے تجاویز طلب کرکے اس منصوبہ کو عملی جامع پہنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔