Friday, April 19, 2024

شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا، نوشہروفیروز میں سپرد خاک

شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا، نوشہروفیروز میں سپرد خاک
February 16, 2020
نوشہروفیروز (92 نیوز) رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نوشہروفیروز میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ضیاء الحسن لنجار، عاجز دھامراہ، ایم پی اے ممتاز چانڈیو، پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیداران سمیت علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ میں ایم پی اے سرفراز شاہ، ایس ایس پی نوشہروفیروز ڈاکٹر فاروق، ایس ایس پی غلام سرور، ڈپٹی کمشنر بلال شاہد راؤ و دیگر بھی شریک تھے۔ شہناز انصاری کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے سندھ کابینہ کا کوئی رکن نہیں پہنچا۔ شہنازانصاری کی موت پر بلاول بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کی قیادت نے اظہار افسوس کیا، سندھ میں آج سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایم پی اے شہناز انصاری گذشتہ روز بہنوئی کے چالیسویں پر موجود تھیں کہ قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوئیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو تین گولیاں لگی تھیں، ذرائع کے مطابق شہناز انصار ی پر اراضی کا تنازع میں فائرنگ کی گئی۔ شہناز انصاری دوسری مرتبہ رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئیں تھیں، وہ پیپلزپارٹی شعبہ خواتین نوشہروفیروز کی صدر اور سندھ اسمبلی کی مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رکن بھی تھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور  ڈپٹی کمشنر،ایس ایس پی کو فوری رپورٹ دینے کا حکم دے دیا۔