Friday, March 29, 2024

مظفرآباد، چالان پر وکلاء اور پولیس میں تصادم، شیلنگ، 12 افراد زخمی

مظفرآباد، چالان پر وکلاء اور پولیس میں تصادم، شیلنگ، 12 افراد زخمی
February 14, 2020
مظفرآباد (92 نیوز) مظفرآباد میں چالان کرنے پر وکلاء اور پولیس میں تصادم ہوگیا، ڈسٹرکٹ کمپلیکس میدان جنگ بن گیا، وکلاء نے پتھراؤ کیا تو پولیس نے ڈنڈے برسادیئے، شیلنگ سے 12 افراد شدید زخمی ہوگئے، وکلا نے4گھنٹے تک شہر کو جام کئے رکھا۔ لاہور کے بعد مظفرآباد میں بھی وکلاء آپے سے باہرہو گئے، ٹریفک پولیس کی طرف سے چالان کرنے پر وکلاء بپھر گئے، ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرآباد میدان جنگ بن گیا۔ مظفرآباد میں ٹریفک سارجنٹ نے بغیر ہیلمٹ تین موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو ایک وکیل آپے سے باہر ہوگیا، بدتمیزی پر پولیس ریسکیو ون فائیو پر لے آئے، واقعہ کی اطلاع پر وکلا نے دھاوا بول دیا اورپتھراؤ شروع کردیا۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرآباد وکلا اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث چار گھنٹے تک میدان جنگ بنارہا۔ تصادم میں 12 افراد شدید زخمی ہوگئے، ٹریفک سارجنٹ سلیم کا کہنا تھا وکیل نے دھمکیاں دیں اورنازیبا الفاظ استعمال کئے۔ وکلاء نے موقف اختیار کیا ڈی ایس پی ریاض مغل کی ایما پر پولیس گردی کی گئی، پولیس نے وکلاء پر ڈنڈے برسائے اور شیلنگ کی۔ تصادم سے مظفرآباد کا نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا، شہر کی اہم شاہراہیں بلاک ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔