Friday, April 19, 2024

ترکی کے حمایت یافتہ جنگجوؤں نے 51 شامی فوجی ہلاک کر دیے

ترکی کے حمایت یافتہ جنگجوؤں نے 51 شامی فوجی ہلاک کر دیے
February 13, 2020
ادلب ( 92 نیوز) ترکی اور شام کے درمیان کشیدگی بڑھنے لگی، ترکی کے حمایت یافتہ جنگجوؤں نے 51 شامی فوجیوں کو ہلاک کر دیا، صدر رجب طیب اردوان نے  ترک فوجیوں پر مزید حملے کی صورت میں شام کو بھاری قیمت چکانے کی دھمکی دے دی۔ نو سالہ  خانہ جنگی سے لہو لہان شام میں ایک اور محاذ کُھلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ، شام اور ترکی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہونے لگا۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق ترک حمایت یافتہ جنگجوؤں نے  شمال مشرقی صوبے ادلب میں  شامی فورسز کو نشانہ بنایا جس میں 51 اہلکار ہلاک ہوئے ، حملے  میں شامی فوج کے دو ٹینک اور اسلحہ کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب شامی فورسز نے  صوبہ ادلب میں حلب کو دمشق سے ملانے والی مرکزی شاہراہ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ، اس شاہراہ پر باغیوں نے سنہ دو ہزار بارہ میں قبضہ کیا تھا۔ اُدھرپارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ترک صدر طیب اردوان نے شام کو خبردار کیا کہ اگر مزید ایک ترک فوجی بھی زخمی ہوا تو ترکی شام میں کہیں بھی حملہ کرے گا اور ضرورت پڑنے پر فضائی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔ حالیہ چند دنوں میں ترکی اور شامی فورسز کی جانب سے ایک دوسرے پر متعدد حملے کیے گئے ہیں ۔