Wednesday, April 24, 2024

نوازشریف بیٹی مریم کی آمد کے بعد ہی آپریشن کرانے پر بضد ہیں ، ڈاکٹر عدنان

نوازشریف بیٹی مریم کی آمد کے بعد ہی آپریشن کرانے پر بضد ہیں ، ڈاکٹر عدنان
February 5, 2020
 لندن (92 نیوز) نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کارڈیک انٹروینشن نوازشریف کی زندگی موت کا مسئلہ ہے مگر وہ بیٹی مریم کی آمد کے بعد ہی آپریشن کرانے پر بضد ہیں۔ نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹ کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے قائد کی میڈیکل رپورٹس شیئر کیں ۔ ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا رائل برامپٹن اسپتال میں تفصیلی کارڈیک معائنہ کرایا گیا،انہیں شریانوں کی پیچیدہ قسم کی بیماری لاحق ہے جبکہ خون کے بہاؤ میں مسئلہ ہے۔ ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ گزشتہ جمعرات کو نواز شریف کی کورونری انٹروینشن ہونا تھی۔ ان کی خواہش تھی کہ معائنے کے وقت  مریم نواز بھی  ہمراہ ہوں تاہم انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی ، اب ایک بارپھر کورونری انٹروینشن کی اپائنٹمنٹ موخر کر دی گئی ہے ۔ نواز شریف کی صحت  کیلئے کورونری انٹروینشن بے حد ضروری ہے اور اس میں مزید تاخیر ان کی صحت  کیلئے نقصان دہ ہوسکتی ہے ۔ اس موقع پر مریم نواز کا نواز شریف کے ہمراہ ہونا بے حد ضروری ہے ۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے بھی ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف کی صحت بدستور تشویشناک اور غیرمستحکم ہے۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر  مریم نواز کو والد کے پاس جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ جتنا وقت گزر رہا ہے اتنا ہی طبی عمل کے لیے گنجائش کم ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر کارڈیک انٹروینشن میں تاخیر ایک بڑا مسئلہ ہے تو پھرعلاج کیوں نہیں شروع کرایا جارہا ہے۔ نواز شریف کے دو بیٹوں اور ایک بیٹی کے لندن میں موجود ہونے  کے باوجود مریم نواز کی موجودگی کیوں ضروری ہے۔ کیا نواز شریف کے آپریشن کا بہانہ مریم نواز کا لندن پروانہ تو نہیں؟