Friday, April 26, 2024

کشمیر کاز حکومت کی ترجیحات میں ہے ، فردوس عاشق اعوان

کشمیر کاز حکومت کی ترجیحات میں ہے ، فردوس عاشق اعوان
February 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا حکومت کی ترجیحات میں ہے ، یکم تا پانچ فروری مسئلہ کشمیر سے متعلق  تقریبات منعقد کی گئی ہیں ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ  وزیراعظم نے تمام سینئرلیڈرشپ اور میڈیانمائندوں کوبریف کیاکہ کشمیر حکومت کی ترجیح ہے، کشمیرکاز کے حوالے سے پارٹی قیادت،حکومت،عوام اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر5فروری کومظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کریں گیْ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں  اس عزم کا اعادہ کیاگیاپاکستان میں احتساب کے عمل کواسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا، قوم کا پیسہ لوٹنے والے ٹی ٹی شریف ہوں، چاہے جعلی بینکس اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والے ہوں، کسی کے ساتھ کسی جگہ بھی کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  وزیراعظم نے چندسکوں کے عوض عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی سوچ سے آگاہ کیا،  ہندوستان ظلم و جبر سے کشمیریوں  کے تمام حقوق کو ختم کررہا ہے، بھرپور انداز میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیا جائے گا۔