Wednesday, May 1, 2024

نارووال اسپورٹس کمپلیکس اسکینڈل، احسن اقبال کا ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

نارووال اسپورٹس کمپلیکس اسکینڈل، احسن اقبال کا ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
January 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں گرفتار ن لیگی رہنما احسن اقبال نے ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ نارروال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں گرفتار احسن اقبال نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ سپورٹس سٹی منصوبے کی تمام تفصیلات عدالت عالیہ میں جمع کرا دیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ابھی تک نیب کی جانب سے ریفرنس بھی دائر نہیں کیا گیا۔ صوبائی دائرہ کار میں آنے والے پراجیکٹ کو وفاق کی طرف سے فنڈنگ کرنے میں کوئی حرج نہیں۔  مالیاتی کرپشن کا بھی کوئی الزام نہیں۔ ن لیگی رہنما احسن اقبال نے وکیل کے ذریعے دائر درخواست میں کہا کہ نیب کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات غلط، بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔ مسلم لیگ ن کا سیکرٹری جنرل ہونے کے باعث سیاسی انتقام کے طور پر گرفتار کیا گیا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ٹرائل کا فیصلہ ہونے تک ضمانت پر رہا کیا جائے۔ درخواست میں وزارت قانون و انصاف اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔