Friday, April 26, 2024

لاہور ، شاہدرہ میں فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ ، جاں بحق افراد کی تعداد گیارہ ہو گئی

لاہور ، شاہدرہ میں فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ ، جاں بحق افراد کی تعداد گیارہ ہو گئی
January 28, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور کے علاقے شاہدرہ میں فیکٹری میں آگ لگنے اور عمارت گرنے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد گیارہ ہو گئی۔ شاہدرہ میں ہیئرسپرے بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے سے گیارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ آگ لگنے کے بعد عمارت زمین بوس ہو گئی۔ عمارت کے ملبے تلے سے نکالے گئے دو افراد کی میواسپتال میں حالت نازک ہے۔ ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اے سی فیروز والہ سعیدہ تہنیت کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ عینی شاہدین نے 92نیوز کوبتایا کہ ہمیں علم ہی نہیں تھا کہ رہائشی علاقے میں فیکٹری بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت میں آگ لگنے کے بعد پہلے ایک دھماکا ہوا پھر وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ فیروزوالہ پولیس نے رہائشی ایریا میں فیکٹری بنانے کے خلاف عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، صوبائی وزیر توانائی، صوبائی وزیر ماحولیات اور صوبائی وزیر انسانی حقوق نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔