Friday, April 19, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، ڈالر کی قدر میں کمی، سونا مہنگا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، ڈالر کی قدر میں کمی، سونا مہنگا
January 24, 2020
کراچی (92 نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتہ 126 پوائنٹس کے اضافے پر اختتام پذیر ہوا، سونے کی فی تولہ قیمت میں 150 روپے کا اضافہ ہوگیا، انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 5 پیسے کمی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام مثبت ہندسوں پر ہوا، مارکیٹ 126 پوائنٹس کے اضافے سے 42 ہزار 633 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔ دن بھرمجموعی طور پر 338 کمپنیزکے شیئرز میں کاروبار ہوا 168 کمپنیز کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 148 کمپنیز کے شیئرزکی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ انٹربینک میں ڈالر 5 پیسے کی کمی سے 154.56پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر20 پیسے کے اضافے سے 155روپے پر پہنچ گیا۔ دوسری حانب فی تولہ سونا 150 روپے مہنگا ہو کر 90 ہزار 300 روپے کا ہوگیا 10 گرام سونے کی قیمت 128 روپے کے اضافے سے 77 ہزار 418 روپے ہوگئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونا5 ڈالر کے اضافے سے1559 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔ ٹی بلز کی خریداری میں بھی تیزی کا رحجان دیکھنے میں آیا۔ ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق 22 جنوری کو ٹرثری بلز میں 13 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی،جبکہ گذشتہ سال یکم جولائی سے رواں سال 22جنوری تک ٹرثری بلز اور انویسٹ منٹ بانڈ میں غیر ملکیوں نے 2 ارب 59 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔