Wednesday, April 24, 2024

ایران ،امریکا تنازع ہر شدت پکڑنے لگا

ایران ،امریکا تنازع ہر شدت پکڑنے لگا
January 21, 2020
تہران ( 92 نیوز) ایران ،امریکاتنازع میں ہر روز نیا موڑآنے لگا  ،  ایران نے جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی معاہدے سے دستبردار ہونے کی دھمکی دے دی، دوسری جانب ورلڈ اکنامک فورم کے پروگرام میں بغیر پوچھے تبدیلی پر ایران نے اپنا نمائندہ بھیجنے سے انکار کر دیا۔ امریکا اورایران کی کشیدگی نے عالمی امن داؤ پر لگا دیا ، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے ایران ایٹمی معاہدے کے یورپی فریقین تنازع کو سلامتی کونسل میں لے کر گئے، تو ایران’’این پی ٹی‘‘سے دستبردار ہو جائے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے اگر یورپی فریقین اپنی ذمہ داریوں کی جانب پلٹ آئیں تو ایران بھی اپنی ذمہ داریوں کی عدم پاسداری کا سلسلہ روک دے گا لیکن اگرموجوہ رویے میں تبدیلی نہ آئی تو ایران کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں۔ ورلڈ اکنامک فورم پر بھی امریکا ایران کشیدگی کے اثرات دکھائی دینے لگے۔ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سویٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس آنا تھا، تاہم فورم منتظمین نے انہیں اعتماد میں لئے بغیر مباحثوں وغیرہ میں شرکت کا انکا پروگرام ہی تبدیل کردیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ منتظمین نے طے شدہ پروگرام میں تبدیلی کی جس کے باعث بدقسمتی سے اب یہ دورہ نہیں ہو گا۔ دوسری جانب عراقی دارالحکومت بغداد کے انتہائی حساس گرین زون کو دو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ راکٹ گرین زون میں واقع امریکی سفارتخانے کے قریب آ کر گرے ۔ تاحال کسی نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔