Thursday, April 25, 2024

فواد چودھری کا وزیراعظم کو خط ، وزرائے اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز پر سوالات اٹھا دیئے

فواد چودھری کا وزیراعظم کو خط ، وزرائے اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز پر سوالات اٹھا دیئے
January 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر سائنس فواد چودھری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا اور وزرائے اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز پر سوالات اٹھا دیئے۔ اہم معاملات پر نوٹس لینے کی بھی اپیل کر دی۔ وزیر اعظم کے نام خط میں فوادچودھری نے آئین کے آرٹیکل ایک سو چالیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہر صوبہ لوکل گورنمنٹ سسٹم ،سیاسی، انتظامی اور مالی ذمہ داریاں مقامی حکومت کو منتقل کرنے کا پابند ہے لیکن صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جارہی۔ فواد چودھری نے مزید لکھا شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا۔ بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے بھی صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا۔ آرٹیکل 140 پر عملدرآمد نہ ہونے سے اضلاع کو ان کا حصہ نہیں مل رہا جس سے ضلعی سطح پر مسائل بڑھ رہے ہیں۔ فواد چودھری نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ آپ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں اور صوبوں کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس میں بھی فواد چودھری نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کی ۔ وفاقی وزیر نے اعتراض اٹھایا کہ پنجاب ڈلیور نہیں کر پا رہا جس کے باعث اس باعث تحریک انصاف کو مجموعی طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔ پنجاب میں سیاسی سائیڈ ڈلیور کر رہی ہے نہ ہی انتظامی سائیڈ۔ فواد چودھری نے اجلاس میں انکشاف کیا کہ پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ ہے۔ صرف 77 ارب روپے ریلیز ہوئے ہیں ۔ فواد چودھری کی نشاندہی کے بعد وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دے دیا اور فوری طور پر صوبائی ایوارڈ کر کے اضلاع کو فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت کی۔