Friday, April 19, 2024

ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکلز سینیٹ کو بھجوانے کی قرارداد منظور

ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکلز سینیٹ کو بھجوانے کی قرارداد منظور
January 16, 2020
واشنگٹن ( 92 نیوز)امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ  کے مواخذے کے آرٹیکلز سینیٹ کو بھجوانے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔اسپیکر ایوان نمایندگان نینسی پلوسی نے صدارتی مواخذے کی قرارداد پر دستخط کر دیے، امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد کے حق میں 228 جب کہ مخالفت میں 193 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ باقاعدہ طور امریکی تاریخ کے تیسرے صدر بن گئے جن کا مواخذہ کیا جارہاہے ، 21جنوری سے امریکی سینٹ میں مواخذے کی کارروائی شروع ہوگی۔ ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے پاس کردہ قرار داد پر دستخط کر کے اسے سینیٹ چیمبر بھجوا دیا، صدر ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد گزشتہ ماہ ایوان نمائندگان میں منظور کی گئی تھی، ان پر اختیارات سے تجاوز اور کانگریس کو روکنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ کوئی قانون سے بالا تر نہیں ہے، صدر ٹرمپ بھی جواب دہ ہیں۔ ایوان نمائندگان میں منظور مواخذے کی قرارداد سینیٹ بھیج دی گئی ہے۔ دوسری طرف امریکی صدر نے رد عمل میں اسپیکر نینسی پلوسی کو تاریخ کی بدترین اسپیکر قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈیمو کریٹس نے ایوان میں امریکی تاریخ کا غیر شفاف ترین کام کیا ہے، مواخذے کی کوشش سے ڈیمو کریٹس کو کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔