Friday, April 26, 2024

262 پائلٹس میں سے 180 کے لائسنس کلیئر قرار

262 پائلٹس میں سے 180 کے لائسنس کلیئر قرار
September 16, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) پائلٹس کے مشکوک لائسنس کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔ 262 پائلٹس میں سے 180 کے لائسنس کلیئر قرار دے دیئے گئے۔ ایوی ایشن ڈویژن ذرائع کے مطابق پائلٹس لائسنس کی تحقیقات کرنے والی انکوائری کمیٹی نے پائلٹس کی پرسنل ہیرنگ کے بعد تحقیقات کو مکمل کر لیا۔ ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق انکوئری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں 262 پائلٹس کے کمپیوٹر امتحان میں جعل سازی پر سول ایوی ایشن کی لائسنس کو مشکوک قرار دیا  جس پر پائلٹس کے لائسنس معطل کر کے 195 پائلٹس کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے۔ ایوی ایشن ڈویژن ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں مشکوک قرار دیئے گئے 262 پائلٹس میں سے 180 پائلٹس کے لائسنس کلیئر قرار دیئے گئے جبکہ صرف 82 پائلٹس کے لائسنس کے کمپیوٹر امتحان میں جعل سازی ثابت ہو سکی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 50 پائلٹس کے پی پی ایل اور سی پی ایل لائسنس کے کمپیوٹر امتحان میں جعل سازی پکڑی گئی جبکہ 32 پائلٹس کے اے ٹی پی ایل لائسنس جعلی نکلے۔ ذرائع ایوی ایشن کے مطابق جعلی لائسنس پر 28 پائلٹس کے لائسنس پہلے منسوخ کیے گئے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد مزید 22 پائلٹس کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع نے مزید بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں پی آئی اے کے مشکوک قرار دیئے گئے 141 پائلٹس کے لائسنس میں سے 18 پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے جبکہ غیر ملکی ایئر لائنز میں کام کرنے والے 107 پائلٹس کے لائسنس بھی ٹھیک ثابت ہوئے۔ واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے جعلی لائسنس کی نشاندہی پر فروری 2020 میں پائلٹس کے لائسنس سے متعلق تحقیقات کا آغاز کیا تھا جس پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں 262 پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیکر معطل کیے گئے تھے۔