Thursday, March 28, 2024

موسم سرما نے رنگ جما دیا ، بارشوں کا اسپیل جاری

موسم سرما نے رنگ جما دیا ، بارشوں کا اسپیل جاری
January 7, 2020
لاہور ( 92 نیوز) ملک میں موسم سرما نے رنگ جما دیا ، ملک بھر میں بارشوں کا اسپیل جاری ہے ،  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، لاہور میں صبح کے وقت اندھیرا چھا گیا ،آسمان سے گرنے والی پھنوار نے جیسے رت ہی بدل دی۔ فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، ساہیوال، قصور، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارش نے جل تھل  کردیا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے ، بارشوں نے جہاں خشک سردی اور موسمی بیماریوں کا خاتمہ کیا وہی سردی کی لہر میں بھی مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بلوچستان میں موسم سرما  کی  بارش کے باعث  دالبدین سے ماشکیل کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، ریلوے ٹریک بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ دالبندین میں سیلابی ریلوں کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں ، متاثرہ علاقے میں ضلعی انتظامیہ کی لیویز کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ ادھر سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، شمالی علاقہ جات میں برفباری نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے ، کئی علاقوں میں شہریوں کو بجلی اور گیس کی بندش کا سامنا ہے۔ دیربالا میں میں برفباری کے باعث  سیاحتی مقامات کمراٹ ،لواری ٹاپ بن شاہی کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے ، مری میں سردی اور برفباری کے باوجود سیاحوں کی موج مستیاں جاری ہیں، مری کے مال روڈ پر میلے کا سماں ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جاری رہے گا۔