Thursday, April 25, 2024

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی، ابومہدی المہندس سمیت 6 ہلاک ہونیوالوں کی نماز جنازہ ادا

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی، ابومہدی المہندس سمیت 6 ہلاک ہونیوالوں کی نماز جنازہ ادا
January 6, 2020
بغداد (92 نیوز) جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، بغداد میں حشد الشعبی کی جانب سے نماز جنازہ کے اجتماع میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ و جدل کے سائے مزید گہرے ہو گئے، جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت نے خطے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ بغداد میں ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حشد الشعبی کی جانب سے قاسم سلیمانی، ابومہدی المہندس اور دوسرے 6 ہلاک ہونے والوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازے میں عراقی وزیراعظم عادل عبداللہ مہدی بھی موجود تھے۔ نماز جنازہ روضہ حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کے مزار کے احاطے میں ادا کی گئی۔ ہزاروں افراد نے عراقی اور حشد الشعبی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مقتولین کا جنازہ گرین زون سے ہوتا ہوا کربلا جائے گا اور وہاں سے نجٖف میں اختتام پذیر ہوگا۔ دوسری جانب عراقی فوج نے آج میڈیکل کانوائے پر امریکی فضائی حملے کی تردید کر دی ہے۔ داعش کیخلاف لڑنے والے امریکی اتحاد نے بھی کسی طرح کے فضائی حملے کی تردید کی ہے۔ حشد الشعبی اور عراقی میڈیا کی جانب سے میڈیکل کانوائے پر حملے اور اس کارروائی میں چھ افراد کی ہلاکت  کا دعویٰ کیا گیا ہے۔