Thursday, April 25, 2024

26 مئی کو قوم نے پولیس اور رینجرز کے سامنے کھڑے ہوجا نا تھا، عمران خان

26 مئی کو قوم نے پولیس اور رینجرز کے سامنے کھڑے ہوجا نا تھا، عمران خان
July 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کہتے ہیں کہ 26 مئی کو قوم نے پولیس اور رینجرز کے سامنے کھڑے ہوجا نا تھا، لوگوں میں اپنی پولیس اور رینجرز کے خلاف غصہ تھا۔

ہفتہ کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف نوجوانوں ہی نہیں بچوں اور خواتین پر بھی بے دردی سے شیلنگ کی۔ ملک میں انتشار نہیں پھیلانا چاہتا تھا، میں تو یہ پیغام دینے کے لیے نکلا تھا کہ بتاسکیں قوم کس طرف کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقصد تو صرف امپورٹڈ حکومت کو ہٹانا تھا، میر صادق اور میرجعفر نے مل کر سازش کی اور 22کروڑ عوام کی منتخب حکومت کو ہٹایا، ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔ امپورٹڈ حکومت کے لوگوں کان کھول کر سن لو، میں جانتا ہوں تمہاری کوشش کیا ہے، امپورٹڈ حکومت والو کان کھول کر سن لو، ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ملک سے باہر جائیدادیں، محلات، بزنس سمیت کچھ بھی نہیں، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہی ہے، کبھی نہیں سوچا باہر کا پاسپورٹ لے لوں، زندگی بھر کبھی بھی نہیں سوچا پاکستان کے سوا کہیں اور رہ سکتا ہوں،امپورٹڈ حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوں، تم لوگوں کا جینا مرنا پاکستان میں نہیں ہے، نوازشریف کا جیسے ہی احتساب شروع ہوتا ہے دم دبا کر باہر بھاگ جاتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر امریکا کی ہی غلامی کرنی تھی تو پھر آزادی کی جنگ کیوں لڑی؟ امریکا کے غلاموں کو، ان چوروں کو قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔