Wednesday, April 24, 2024

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت، خامنہ ای اور حسن روحانی کا بدلہ لینے کا اعلان

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت، خامنہ ای اور حسن روحانی کا بدلہ لینے کا اعلان
January 6, 2020
تہران (92 نیوز) عراق میں امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ایرانی صدر حسن روحانی نے بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔ امریکا ایران کشیدگی عروج پر پہنچ گئی، امریکا نے ایران کے اہم ترین کمانڈر اور القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو فضائی حملے میں ہلاک کر دیا۔ [caption id="attachment_259964" align="alignnone" width="899"]ایرانی جنرل قاسم سلیمانی، ہلاکت، خامنہ ای، حسن روحانی، بدلہ لینے کا اعلان، تہران، 92 نیوز ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت، خامنہ ای اور حسن روحانی کا بدلہ لینے کا اعلان[/caption] 62 سالہ قاسم سلیمانی کو بغداد کے ہوائی اڈے پر ان کی کار میں ایک فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ ان کے ہمراہ کار میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے عراقی کمانڈر ابومہدی المہندس بھی موجود تھے۔ پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ امریکی محکمۂ دفاع نے کہا ہے کہ انھیں صدارتی حکم پر نشانہ بنایا گیا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے ردعمل میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر تین دن کے سوگ کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور خطے کی آزاد قومیں امریکا سے بدلہ لے گی۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے بیان میں امریکی اقدام کو ’عالمی دہشت گردی‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ اور ان کی قدس فورس خطے میں نام نہاد دولتِ اسلامیہ، النصرہ اور القائدہ سمیت دیگر تنظیموں سے لڑنے والی سب سے مؤثر قوّت تھی۔ عراقی وزیراعظم عادل عبداللہ مہدی نے بھی حملے کی شدید مذمت کی ہے ان کا کہنا ہے حملہ عراق میں تباہ کن جنگ بڑھکائے گا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، جنرل اسماعیل قانی کو القدس فورس کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا۔ امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی کا اپنے ردعمل میں کہنا ہے ایرانی جنرل کی ہلاکت سے کشیدگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ عراق میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک سے نکل جانے کا کہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر امریکی جھنڈے کی تصویر بھی لگائی۔ دوسری جانب چین نے فریقین کو صبر اور تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔ تاہم روس کا کہنا ہے ایرانی جنرل کی ہلاکت پریشانیاں بڑھائے گی۔ جنرل سلیمانی کا ایرانی حکومت میں ایک اہم کردار تھا۔ ان کی قدس فورس صرف رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو جوابدہ ہے اور انھیں ملک میں ایک ہیرو تصور کیا جاتا ہے۔ انکی ہلاکت نے پورے مشرق وسطیٰ میں کہرام برپا کر دیا ہے۔