Wednesday, April 24, 2024

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ، حکومت نے سپریم کورٹ سے حکم امتناعی مانگ لیا

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ، حکومت نے سپریم کورٹ سے حکم امتناعی مانگ لیا
January 2, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) آرمی چیف کی مدت ملازمت میں  توسیع کے معاملے پر وفاقی حکومت نےسپریم کورٹ  سے حکم امتناع بھی مانگ لیا۔ وفاقی حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرنے اور نظرثانی اپیل پر لارجر بنانے کی درخواست دائر کردی۔ قرار دیا کہ 28 نومبر کا فیصلہ معطل نہ ہوا تو نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ، درخواست صدر، وزیراعظم، وزارت دفاع اور آرمی چیف کی جانب سے مشترکہ طور پر دائر کی گئی ۔ درخواست میں حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست کی سماعت کیلئے پانچ رکنی لارجر بینچ بنانے کی استدعا کردی، ساتھ ہی حکم امتناع بھی مانگ لیا۔ استدعا کی نظرثانی درخواست پر فیصلے تک 28 نومبر کے حکم پرعملدرآمد معطل کیا جائے ، موقف اپنایا کہ فیصلہ معطل نہ ہوا تو نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ سپریم کورٹ نے 28 نومبر کو پارلیمنٹ کو 6 ماہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کرنے کا حکم دیا تھا۔ 26 دسمبر کو حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی۔ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی جسکی پارلیمنٹ سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔