Friday, April 26, 2024

خوش آمدید 2020، نیوزی لینڈ سے شروع ہونیوالا جشن امریکا میں اختتام پذیر

خوش آمدید 2020، نیوزی لینڈ سے شروع ہونیوالا جشن امریکا میں اختتام پذیر
January 1, 2020
نیویارک (92 نیوز) خوش آمدید دو ہزار بیس، اکیس ویں صدی کا ایک اور عشرہ اختتام پذیر ہوگیا، نیوزی لینڈ سے شروع ہونے والا جشن امریکا میں اختتام پذیر ہوگیا، آسٹریلیا سے ایشیا، یورپ سے امریکا تک، کرہ ارض پر شاندار آتش بازی کے ذریعے سال نو کا استقبال کیا گیا، دبئی کا برج الخلیفہ بھی روشنیوں میں نہا گیا۔ سال دو ہزار بیس کو سب سے پہلے خوش آمدید کہنے کا اعزاز نیوزی لینڈ کو حاصل ہوا، گھڑی نے بارہ بجائے، آک لینڈ کا سکائی ٹاور روشنیوں میں نہا اٹھا۔ آسٹریلیا کے جنگلات میں بھڑکتی آگ بھی سال نو کی خوشیوں کو ماند نہ کرسکی، سڈنی ہاربر برج اور اوپیرا ہاؤس میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ جشن کا یہ سلسلہ ہانگ کانگ، کوریا، تھائی لینڈ میں بھی بھرپور انداز میں منایا گیا، چین میں فنکاروں نے ڈرمز بجا کر روایتی انداز میں نئے سال کا استقبال کیا۔ دبئی کا برج الخلیفہ اس بار بھی سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا، نئے سال کا کاؤنٹ ڈاؤن ختم ہوا اور دنیا کی بلند ترین عمارت روشنیوں میں ڈوب گئی۔ یورپ میں دو ہزار بیس کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کیا گیا، فرانس، جرمنی، یونان اور سپین سمیت تمام ممالک میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ برطانیہ میں بھی سال نو کی خوشیاں منائی گئیں، لندن کا بگ بینگ دو سال بعد بارہ بجتے ہی گونج اٹھا۔ خوشیوں کا یہ سلسلہ روس کی سرد فضاؤں کو بھی گرما گیا، ماسکو کے تاریخی ریڈ اسکوائر پر ہونے والے فائر ورکس نے دیکھنے والوں پر سحر طاری کردیا۔ سال نوکا جشن امریکا پہنچا تو وہاں بھی دو ہزار بیس کا بھرپور استقبال کیا گیا، نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ہزاروں افراد کی موجودگی میں روایتی ٹائم بال گرایا گیا، اس موقع پر ہونے والی آتش بازی سے آسمان بھی چمک اٹھا۔