Friday, March 29, 2024

پشاور، گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ، صوبائی حکومت کی کھلی کچہری، سب اچھا کی آواز

پشاور، گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ، صوبائی حکومت کی کھلی کچہری، سب اچھا کی آواز
December 27, 2019
پشاور (92 نیوز) پشاور بھر میں گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا تو صوبائی حکومت نے اس علاقے میں گیس لوڈشیڈنگ پر کھلی کچہری منعقد کی جہاں لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ شہر کے پوش علاقے حیات آباد میں منعقدہ کھلی کچہری میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور سوئی گیس حکام نے شرکت کی۔ سردی آتے ہی گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ گھمبیر ہو گیا اور گیس لوڈشیڈنگ کی شکایات میں اضافہ ہوا توعوامی تنقید سے بچنے کے لئے صوبائی حکومت نے ایک ایسے پوش علاقے حیات آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ تاہم عوام کے بقول گیس لوڈشیڈنگ کا یہ مسئلہ اب پورے شہرکی طرح حیات آباد تک پھیلنے لگا ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق گیس لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خیبر پختتونخوا میں گیس کی کافی پیداوار کے باوجود جی ایم سوئی نادرن گیس نے لوڈ شیڈنگ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گیس کی طلب رسد سے بہت زیادہ ہے اس لئے گیس کی کمی پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کھلی کچہری سے گیس کا مسئلہ کب حل ہوتا ہے یہ وہ سوال ہے جو خالی پائپ لائنوں میں گیس ڈھونڈنے والے شہری حکمرانوں اور ایس این جی پی ایل حکام سے کررہے ہیں ایس این جی پی ایل حکام کا موقف ہے کہ سردی میں کمی آئے گی تو گیس لوڈ شیڈنگ میں بھی  کمی آتی جائے گی۔