Tuesday, April 23, 2024

اصلاحات کے راستے میں مافیاز کھڑے ہیں، عوام گھبرائیں نہیں، وزیراعظم

اصلاحات کے راستے میں مافیاز کھڑے ہیں، عوام گھبرائیں نہیں، وزیراعظم
December 26, 2019
پنڈ دادن خان (92 نیوز) وزیر اعظم نے آنے والے سال میں ملک میں خوشحالی کا مژدہ سنا دیا، پنڈ دادن خان میں جلسے سے خطاب میں کہا ہمارے ملک کو اللہ نے سب کچھ دیا، ہمیں اللہ کی دی ہوئی نعمتوں سے فائدہ اٹھانا ہے اصلاحات کے راستے میں مافیاز کھڑے ہیں لیکن عوام گھبرائیں نہیں۔ اخبارات اور صحافیوں پر بھی تنقید کے نشتر چلا دیے، کہا پرانے نظام سے فائدہ اٹھا کر پیسے بنانے والے صحافیوں کی روزی روٹی بند ہو گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پتہ ہے لوگوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے، جلال پور کینال منصوبے کی تکمیل سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، پنڈدادنخان کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں، نہر کا پراجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ نہر سارے علاقے کوبدل کر رکھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج میں 3 مسائل پر بات کروں گا، میں جانتا ہوں اس علاقے میں میٹھے پانی کا بہت مسئلہ ہے، یہ نہر میٹھا پانی بھی دے گی اور لاکھوں ایکڑ زمین کوسیراب بھی کرے گی، نہر سے جہلم، پنڈدادنخان اورخوشاب کی تقدیر بدل جائے گی، آج بارڈر پر شہید ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ کیلئے دعاگو ہوں، تمام شہداء کے اہلخانہ کیلئے دعا گو ہوں۔ عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سے مودی نے کشمیر پر واردات کی ہے 80 لاکھ کشمیریوں کو جیل میں ڈال کر رکھا ہے، دوسری واردات مودی نے بھارت کے اندر کی ہے، دو نئے قوانین لے کر آیا ہے جس سے ہندوستان میں بھی مظاہرے ہورہے ہیں، یہ مودی ضرور کوئی واردات کرے گا، میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی بات کی ہے، جنرل باجوہ نے بتایا کہ پاکستان ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم بولے کہ مودی نے پہلے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل کرایا، پھر کشمیر میں جس طرح کا اسلحہ یہ استعمال کرا رہا ہے، پیلٹ گن سے سیکڑوں نوجوانوں کی بینائی چھین لی، بھارت کے لوگ اب نریندر مودی کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں گے، بھارت کے صرف مسلمان ہی نہیں، ہندو، سکھ اور عیسائی بھی اٹھ کھڑے ہونگے۔ عمران خان کا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہندوستانی جانتے ہیں مودی جو کررہا ہے یہی کچھ جرمنی میں ہٹلر نے کیا تھا، میانمر میں بھی اسی طرح کا قانون لایا گیا تھا،اس کے بعد میانمار میں مسلمانوں کے اوپر ظلم کیا گیا، ہندوستان کے لیے اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو چیزیں پاکستان بیچ رہاتھا، اور جو خرید رہا تھااس میں تین گنا خسارہ تھا، 20 ارب ڈالرکی چیزیں بیچ اوردنیا سے 60 ارب کی چیزیں خرید رہے تھے، ہماری لیڈرشپ ڈالر خرید کر باہر بھیج رہی تھی، اس کی وجہ سے ہمارا روپیہ 30 فیصد کم ہوا،روپے کی قدر گرنے سے باہر سے منگوائی جانے والی چیزیں مہنگی ہوگئیں، آج ہماراروپیہ گرنے کی بجائے اوپر جارہا ہے۔ عمران خان کہتے ہیں اللہ کا شکر ہے ہماری ایکسپورٹ بڑھ رہی ہیں،باہر سے آنے والی سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے، اس سال ہم نے معیشت کو استحکام دیا، 2020 کا سال ہماری ترقی کا سال ہوگا۔ آنے والا سال نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا سال ہے، آنے والے سال میں ملک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا اللہ نے ہمیں زرخیز زمین دی، سونا، تانبہ دیا، ہم نے اللہ کی دی ہوئی نعمتوں سے فائدہ اٹھانا ہے، ان نعمتوں سے ہم اب تک فائدہ نہیں اٹھا سکے، مافیا کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہا ہوتا ہے، یہ مافیا ہر جگہ ہوتا ہے، ہر سرکاری محکمے میں ہے، سیاستدانوں کا مافیا بھی ہے جو شور مچاتا ہے کہ ملک تباہ ہوگیا، یہ مافیا ہر روز حکومت کو برا بھلا کہتا ہے، انہیں یہ ڈر ہے اگر یہ حکومت کامیاب ہوگئی تو وہ سب جیل جائیں گے۔