Friday, April 26, 2024

سانحہ پی آئی سی ، ملزم حسان نیازی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور

سانحہ پی آئی سی ، ملزم حسان نیازی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور
December 20, 2019
 لاہور (92 نیوز) سانحہ پی آئی سی کے ملزم اور وزیر اعظم کے بھانجے حسان نیازی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین نے کیس کی سماعت کی۔ حسان نیازی اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ پی آئی سی حملہ سے کوئی تعلق نہیں ، پولیس نے غیر قانونی طور پر مقدمے میں نامزد کیا، شامل تفتیش ہو کر بے گناہی ثابت کرنا چاہتا ہوں مگر پولیس گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے لہذا عدالت عبوری ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ایک لاکھ کے مچلکے کے عوض حسان نیازی کی 24 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔ حسان نیازی کو پی آئی سی حملہ کیس میں پولیس نے نامزد کر رکھا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم پولیس ابھی تک گرفتار نہیں کر سکی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی خود ہی منظر عام پرآگئے، حسان نیازی  انسداد دہشت گردی کی عدالت  میں پہنچے اور جج ارشد حسین کے سامنے پیش ہوکر عبوری ضمانت مانگ لی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی نے خود کو بے گناہ قراردیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سامنے  کپڑے اتار دیئے۔ حسان نیازی نے کہا کہ پولیس نے پُر امن احتجاج کی اجازت دی تھی اور میں اس پُر امن احتجاج کا حصہ بنا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ ان کے ہاتھ میں ڈنڈا ہو تو  دکھائیں، کوئی گاڑی جلائی ہو تو دکھائیں، اگر کسی مریضہ کے چہرے سے ماسک اتارنے کی فوٹیج ہے تو سامنے لائی جائے۔ حسان نیازی نے اپنے خلاف مقدمے کو غلط قراردیتے ہوئے کہا۔انُ کا میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے ۔تصویروں کو دائرے لگا کر دکھایا گیا۔۔ بیرسٹرحسان نیازی نے کہا۔عمران کا بیٹا یا بھانجا  قانون سے اوپر نہیں۔پی آئی سی واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔