Friday, April 26, 2024

پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی ، توڑ پھوڑ کرنے والے حسان نیازی تاحال پولیس گرفت سے باہر

پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی ، توڑ پھوڑ کرنے والے حسان نیازی تاحال پولیس گرفت سے باہر
December 15, 2019
 لاہور (92 نیوز) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہنگامہ آرائی کو چار روز بیت گئے۔ توڑ پھوڑ کرنے والے حسان نیازی تاحال پولیس گرفت سے باہر ہیں۔ پی آئی سی میں وکلا کی توڑ پھوڑ میں پیش پیش وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری پولیس کے لیے چیلنج بن گئی۔ واقعہ کے چار روز بعد بھی حسان نیازی کو پولیس گرفتار نہ کر سکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق حسان نیازی اپنے ساتھیوں سمیت لاہور سے باہر فرار ہو چکے ہیں۔ حسان نیازی کو حملہ کے دوران سامنے آنے والی ویڈیو کے بعد ضمنیوں میں نامزد کیا گیا۔ ہنگامہ آرائی میں حسان نیازی کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ بیرسٹر حسان نیازی توڑ پھوڑ اور پولیس کی گاڑی کو نذر آتش کرنے میں پیش پیش تھے، وکلاء کو حملے پر اکساتےبھی رہے۔ پولیس کے مطابق بیرسٹر حسان خان نیازی کی گرفتاری کیلئے ان کے دفتر،ریسٹورنٹ اور گھر پر چھاپے مارے گئے۔ وکلا کے خلاف درج مقدمے میں ابتدائی طور پر حسان نیازی کو نامزد نہیں کیا گیا جس پرعوام کی تنقیدی توپوں کا رخ پنجاب حکومت اور پولیس کی طرف ہو گیا تھا۔ اس دوران وزیر اطلاعات پر تشدد میں ملوث وکیل کی شناخت ہو گئی۔ پولیس نے ہربنس پورہ کے رہائشی عبدالماجد کی گرفتاری کے لئے اس کے گھر پر چھاپہ مارا مگر وہ فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق تشدد میں ملوث مزید چھ وکلا کی شناخت کی جارہی ہے۔