Friday, April 26, 2024

برطانوی انتخابات، حکمران کنزرویٹو پارٹی نے 362 نشستیں جیت کر میدان مار لیا

برطانوی انتخابات، حکمران کنزرویٹو پارٹی نے 362 نشستیں جیت کر میدان مار لیا
December 13, 2019
 لندن (92 نیوز) برطانوی انتخابات میں لیبرپارٹی کو دوبارہ انتخابات کا مطالبہ لے ڈوبا۔ حکمران کنزرویٹو پارٹی نے 362 نشستیں جیت کر میدان مار لیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 650 میں سے 647 نشستوں کے نتائج آگئے۔ کنزرویٹو پارٹی 362 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ لیبر پارٹی203 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسکاٹش نیشنل پارٹی کی 48 نشستیں، لبرل ڈیموکریٹس 11 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ 23 نشستیں دیگر پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کے نام رہیں۔ بورس جانسن تاریخی کامیابی ملنے پر خوش ہیں اور عوام سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے بریگزٹ مسئلے کو حل کرنے کیلئے طاقتور مینڈیٹ دیا، بریگزٹ کا معاملہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ہمارا کام آج سے شروع ہو رہا ہے۔ ادھر جیریمی کوربن نے شکست تسلیم کرتے ہوئے پارٹی قیادت چھوڑ دی۔ بولے گزشتہ رات بہت مایوس کن تھی،، بریگزٹ نے الیکشن نتائج کو متاثر کیا۔ آئندہ الیکشن میں پارٹی قیادت نہیں کرونگا۔ برطانوی الیکشن میں پاکستانی نژاد امیدواروں کی بڑی کامیابیاں ہوئیں۔ نازشاہ مسلسل تیسری بار بریڈ فورڈ سے رکن پارلیمنٹ منتخب، ساجد جاوید برومس گرو سے فاتح ٹھہرے۔ خالد محمود اور طاہر علی نے برمنگھم،، یاسمین قریشی نے ساؤتھ بولٹن سے کامیابی سمیٹی۔ پاکستانی نژاد زارا سلطانہ، شبانہ محمود، محمد یاسین، نصرت غنی، افضل خان، عمران احمد اور رحمان چشتی بھی اپنی سیٹ جیت گئے۔