Saturday, April 20, 2024

پنڈی ٹیسٹ، دوسرے روز بار بار بارش، سری لنکا کے 6 وکٹ پر 263 رنز

پنڈی ٹیسٹ، دوسرے روز بار بار بارش، سری لنکا کے 6 وکٹ پر 263 رنز
December 12, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) خراب موسم آڑے آگیا، پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز بار بار بارش کی مداخلت کے باعث صرف 15 اوورز کھیلے گئے۔ سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا لیے۔ پنڈی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزکھیل شروع ہوا تومہمان ٹیم سری لنکا نے پہلے روز کے مجمو عی سکور میں 20رنز کا اضافہ کیا تھا کہ بارش شروع ہوگئی، جب کھیل کو روکا گیا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں پر 222 رنز بنائے تھے۔ بارش روکنے پر کھیل دوبارہ شروع کیا گیا لیکن ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کی اور کھیل کو روکنا پڑا۔ پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روزجب دوسری مرتبہ کھیل روکا گیا اس موقع پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا رکھے تھے۔ ڈی سلوا 72 اور دلروان پریرا 2 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2۔2 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے کھیل ختم ہونے پر پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔ سری لنکن اوپنرز نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ سری لنکن کپتان کرونارتنے 59 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ دوسرے سیشن میں پاکستانی بائولرز نے کچھ مزاحمت دکھائی اور سری لنکن ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوشاڈا فرنینڈو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ عثمان شنواری نے کوشال مینڈس کی اننگز 10 رنز پر ختم کر دی۔ دنیش چندیمل محض دو رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اینجلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 127 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے پر 62 رنز کی شراکت داری کی۔ 189 رنز کے مجموعی اسکور پر اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ پہلے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیاتھا۔ دھنن جایا ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔