Friday, April 19, 2024

کچھ لوگوں کی شناخت ہو گئی، ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی ، راجہ بشارت

کچھ لوگوں کی شناخت ہو گئی، ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی ، راجہ بشارت
December 11, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ڈاکٹرز سے زیادتی ہوئی، مریضوں اور لواحقین پر تشدد کیا گیا۔ کچھ لوگوں کی شناخت ہو گئی، ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا یہ کام اس طبقے نے کیا ہے جس سے ہم اس طرح کی توقع نہیں کرتے تھے۔ املاک کو نقصان پہنچانے اور جانوں کے نقصان پر ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا ہمارے کچھ صحافی بھائیوں کے ساتھ بھی زیادتی ہوئی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اگر وکلاء کا پروگرام پہلے سے ہوتا تو ہم یقینی طور پر اسے روکتے۔ کل رات ہی سارا معاملہ طے ہوچکا تھا، صلح ہوچکی تھی، بار کا اجلاس بھی آج اسی سلسلے میں بلایا گیا تھا۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا اگر واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے تو تب ہم ذمہ دار ٹھہریں گے۔ ادھر فیاض چوہان نے کہا میں تو پنجاب حکومت کا نمائندہ بن کر وکلاء سے ملنے گیا تھا۔ میرے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس میں پولیس کا کوئی قصور نہیں۔ ڈی آئی جی آپریشن کی میں تعریف کروں گا، پولیس نے بہت اچھے طریقے سے معاملہ ہینڈل کیا۔ فیاض الحسن بولے فریقین میں صلح ہوچکی تھی، وکلاء کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ڈاکٹر معافی مانگیں گے۔ مسئلہ یہ ہے کہ وکلاء کے الیکشن ہونے جارہے ہیں۔ برسراقتدار گروپ کا مخالف گروپ نے یہ سارا پراپیگنڈہ کیا۔ مخالف گروپ نے کہا کہ برسراقتدار گروپ نے ہمیں بیچ دیا ہے۔ اسی وقت فیصلہ ہوا کہ پی آئی سی پر حملہ کیا جائے اور سب مل کر آگئے۔ یہ سب اچانک طے ہوا اس لیے اسے فوری طور پر روکنا ممکن نہیں تھا۔