Wednesday, April 24, 2024

آج سر شرم سے جھک گیا، اعتزاز احسن

آج سر شرم سے جھک گیا، اعتزاز احسن
December 11, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وکلاء کے اقدام سے سر شرم سے جھک گیا۔ چینل 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ماضی کے چھوٹے  موٹے واقعات پر اگر ایکشن لیا جاتا تو آج جیسا سنگین واقعہ پیش نہ آتا ، میرے نزدیک  وکلاء کے پاس ایسا کوئی جواز نہیں کہ دل کے مریضوں  کے اسپتال پر دھاوا بول کر  ان کی تکالیف بڑھائی جائیں ، سننے والے وکلاء کو کہوں گا کہ فوری بارز میں واپس جا کر خود احتسابی کریں ۔ بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ  میں  55 برس سے زیاد عرصہ سے شعبہ وکالت سے  منسلک ہوں  ، کالا کوٹ پہنچے زندگی گزر گئی  مگر وکلاء کے آج کے اقدام نے میرا سر شرم سے جھکا دیا ،  ٹی وی پر دیکھ رہا ہوں  کہ وکلاء اسپتال کے اندر اینٹیں پھینک رہے ہیں ، پولیس منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس فائر کر رہی ہے جو  دل کے مریضوں کے لئے سخت خطرناک ہے ۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ  فیاض الحسن چوہان کو  وہاں جانا ہی نہیں چاہئے تھا ، لیکن اگر کوئی وزیر آگیا تو اسے تحفظ فراہم کرنا وکلاء کی ذمہ داری تھی  نہ کہ اس کے بال کھینچے جائیں ، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا کبھی دیکھوں گا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ  دو سال تک چیف جسٹس افتخار چودھری کے لئے وکلاء تحریک چلائی ، ایک پتہ بھی نہیں  ٹوٹا ،  ہمیں کھینچا گیا ،  گرفتارکیا گیا، لاٹھی چارج کیا گیا ،آنسو گیس پھینکی گئی مگر ہم  نے عدم تشدد کا راستہ اپنایا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو احتجاج کرنا ہے تو اسپتال کے سامنے  کھڑے ہو جائیں عوام آپ کیساتھ کھڑے ہو جائیں گے ، ان اقدامات کے بعد اب کون کھڑا ہو گا وکلاء کیساتھ ، کسی بھی صورت میں ایک اسپتال پر حملہ نہیں کیا جا سکتا۔کچھ وکلاء نے ذاتی مفادات کے لئے انتہا بڑا مسئلہ کھڑ اکر دیا ۔ سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ  وکلاء کی ایک تحریک کامیاب ہو ئی جس کے بعد وکلاء پرتشدد ہو گئے ہیں ۔