Friday, April 19, 2024

حکمرانوں کی لفظی جنگ، کراچی سنگین مسائل سے دوچار

حکمرانوں کی لفظی جنگ، کراچی سنگین مسائل سے دوچار
December 10, 2019
کراچی (92 نیوز) ملک کا معاشی حب کراچی سنگین مسائل سے دوچار اور وفاق وصوبے میں حکمراں جماعتیں سیاسی جنگ میں مصروف ہیں۔ اورنگی سےکیماڑی اور ملیر سےایم اے جناح روڈ تک کراچی میں مسائل ہی مسائل ہیں، کہیں سیوریج کا عذاب تو کہیں کچرے کے انبارلگے ہیں۔ قومی معیشت کو نصف سے زیادہ دینے والا کراچی حکمرانوں کی لفظی جنگ میں سب سے زیادہ متاثرہے۔ کبھی کراچی میں آرٹیکل 149 کے اطلاق کا اعلان ہوتا ہے تو کبھی، گورنر راج کی بات چھڑ جاتی ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے ایک سو باسٹھ ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا مگر ایک بھی اسکیم کاغذ پر بھی نہیں بن سکی۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں،ٹرانسپورٹ نظام سے محروم،پانی کو ترسے اور ابلتے گٹروں سے پریشان کراچی کے زخموں پر مرہم کے بجائے وفاق وصوبے میں حکمران لفظی وار میں بھی محتاط نہیں۔ فردوس شمیم نقوی چپو جیسے القاب استعمال کرتے ہیں تو سعید غنی چمار کہہ کر پکارتے ہیں۔ معاشی شہ رگ کراچی کو مسائل کے دلدل میں جانے سے بچانے کے لیے فوری طورپر پانچ سو ارب روپے کے میگا منصوبوں کی ضرورت ہے۔ وفاقی وصوبائی حکومتوں میں سیاسی ولفظی جنگ نہ رکی تو مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے ہی رہیں گے۔