Friday, April 19, 2024

پی ٹی آئی کی فنڈنگ کا معاملہ ، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس 12 دسمبر تک مؤخر

پی ٹی آئی کی فنڈنگ کا معاملہ ، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس 12 دسمبر تک مؤخر
December 4, 2019
 اسلام اباد (92 نیوز) پی ٹی آئی کی فنڈنگ کے معاملے کی چھان بین پر الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس 12 دسمبر تک مؤخر کر دیا گیا۔ کمیٹی تحریک انصاف کے خلاف تحقیقات مکمل نہ کر سکی۔ تحریک انصاف کے خلاف چیف الیکشن کمشنر سردار رضاء کی موجودگی میں فیصلہ کی افواہیں دم توڑ گئیں۔ تحریک انصاف کی مبینہ ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس موخر ہو گیا۔ ڈی جی لاء کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس موخر کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بیانات آ رہے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ اکٹھا سنایا جائے جو مضحکہ خیز ہے۔ اجتماعی شادیوں کا تو سنا تھا مگر اب اجتماعی فیصلوں کا مطالبہ سن رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے ۔ اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سے بھاگ رہی ہے ۔ کیس منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے اور عوام کو پتہ چلنا چاہیئے کہ کس پیمانے پر فنڈز میں بے ضابطگی ہوئی ہے۔