Saturday, April 20, 2024

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا تیسرا روز بھی کینگروز کے نام ، پاکستانی ٹیم  دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا تیسرا روز بھی کینگروز کے نام ، پاکستانی ٹیم  دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار
December 1, 2019
ایڈیلیڈ ( 92 نیوز) ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا تیسرا روز بھی کینگروز کے نام  رہا ،  دن کے اختتام پر فالوآن کا شکار قومی ٹیم نے  دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان  پر 39 رنز بنا لیے  ہیں ، پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 302رنز بناکر آؤٹ ہوئی ، یاسر شاہ  نے 113اور بابر اعظم نے 97رنز بنائے  ، گرین کیپس کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 248رنز درکار ہیں۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے  دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے ہیں ، بار بار  بارش کی مداخلت  کے باعث کھیل جلد ختم کرنا پڑا۔ 96رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے پاکستان ٹیم نے تیسرے روز  اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو بابر اعظم اور یاسر شاہ  کی مزاحمت نے ٹیم کا اسکور 194رنز تک پہنچا دیا ، بابر اعظم 97 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ۔ یاسر شاہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 113 رنز کی شاندار  اننگز کھیلی، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 302رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی  ، آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کرواتے ہوئے دوبارہ بیٹنگ  دی تو ایک بار پھر ٹاپ آرڈرلڑکھڑا گیا،  امام الحق بغیر کوئی رن بنائے ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ کپتان اظہر علی بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے ۔ ان کا کیچ سلپ میں کھڑے سمتھ نے اسٹارک کی گیند پر پکڑا ۔ مڈل آرڈر بابر اعظم بھی 8 رنز بنا کر ہمت ہار گئے  جن کی صورت میں  پاکستان کی تیسری وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گری ۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پاکستان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 248رنز درکار ہیں اس سے قبل پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں 302 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی ۔ پاکستانی ٹیم فالو آن کا شکار ہے اور دوسری اننگز  کھیل رہی ہے ۔ پہلی اننگز میں بھی پاکستانی ٹیم  کا آغاز مایوس کن رہا ، 589 کے پہاڑ جیسےہدف کے تعاقب میں امام الحق کی صورت میں پہلا دھچکا صرف تین کے مجموعی اسکور پر لگا ،  امام الحق صرف دو رنز بنا  کرسٹارک کی گیند پر وارنر کو کیچ تھما بیٹھے ۔ 22 کے مجموعی اسکور پر ٹاپ آرڈر اور کپتان اظہر علی بھی 9 رنز بنا کر ہمت ہار گئے ، ان کا شکار کمیونز نے کیا  جبکہ کیچ سمتھ نے پکڑا۔ قومی ٹیم کو تیسرا نقصان اوپنر شان مسعود کی شکل میں 38 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب  وہ ہیزل ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما کر چلتے بنے ، انہوں نے 19 رنز بنائے ۔ امیدوں کے محور اسد شفیق کی کار کردگی بھی مایوس کن رہی ، وہ صرف 9 رنز بنا پائے ، ان کا شکار بھی اسٹارک نے کیا جب کہ کیچ وکٹ کیپر نے تھاما۔ چوتھی نمبر پر کھیلنے والے مڈل آرڈر بابر اعظم  نے 97 رنز بنائے ، وہ محتاط بیٹنگ کرتے کھڑے رہے جبکہ ان کے ساتھی وکٹیں گنواتے رہے ۔ بابر اعظم  بھی سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ افتخار احمد 10 جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان  بغیر کوئی اسکور بنائے پویلین لوٹے ۔ باؤلنگ کے شعبے میں ناکام رہنے والے یاسر شاہ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کر کے سب کو حیران کر دیا ، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سینچری داغی ، وہ 213 گیندیں کھیل کر 113 رنز بنا پائے  اور پاکستان کی جانب سے ٹاپ  اسکورر بھی رہے ۔ وہ کمیونز کی گیند پر لیون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ،شاہین شاہ آفریدی بغیر کھاتا کھولے ہی  پویلین لوٹ گئے  جبکہ محمد عباس 29 رنز  بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے پہلی اننگز  میں پاکستان  کیلئے پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے بھی کھیل کا مایوس کن آغاز کیا گیا ، جب جوئے برنز آٹھ کے مجموعی اسکور پر  چار رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے ، ان کا کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے پکڑا۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ٹاپ آرڈر لیبوشگنے نے 361 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ، ڈیوڈ وارنر ایک چھکے اور 39 چوکوں کی مدد سے 335 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ لیبو شگنے نے  22 چوکوں کی مدد سے 162 رنز بنائے ۔وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ سٹیون سمتھ نے 36 رنز بنائے  ، وہ بھی شاہین شاہ آفریدی کا شکار  بنے ، ان کا کیچ  وکٹ کیپر محمد رضوان نے پکڑا۔ مڈل آرڈر میتھیو ویڈ 38 اور اوپنر سٹیون سمتھ 335 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ، آسٹریلیا کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر  589 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرڈ کر دی تھی ۔