Wednesday, April 24, 2024

نمرتا ہلاکت کیس ، لاڑکانہ پولیس کی فنگر پرنٹس ایک ماہ بعد شناخت کیلئے بھجوانے کا انکشاف

نمرتا ہلاکت کیس ، لاڑکانہ پولیس کی فنگر پرنٹس ایک ماہ بعد شناخت کیلئے بھجوانے کا انکشاف
November 23, 2019
 لاڑکانہ (92 نیوز) نمرتا ہلاکت کیس میں لاڑکانہ پولیس کی بے حسی کی انتہا ہو گئی۔ فنگر پرنٹس ایک ماہ بعد شناخت کیلئے بھجوانے کا انکشاف ہوا۔ نائنٹی ٹو نیوز کی حاصل کردہ نادرا رپورٹ کے مطابق غیر معیاری فنگر پرنٹس کے سبب کسی ایک کی بھی شناخت نہ ہو سکی۔ تمام فنگر پرنٹس کارڈز اور پولیس کا کورنگ لیٹر لاڑکانہ واپس بھجوا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نادرا رپورٹ جوڈیشل انکوائری کے جج کو پیش کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ میں پولیس فرانزک لیب ہونے کے باوجود ایک ماہ تاخیر سے فنگر پرنٹس بھجوانے کے عمل نے کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ قبل ازیں میڈیکل طالبہ نمرتا کماری کے کیس میں موت سے قبل جنسی عمل کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ سوشل میڈیا پر جسٹس فار نمرتا ٹرینڈ چلتا رہا تھا ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ساتھی طالب علموں نے احتجاج بھی کیا تھا۔ میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ موت سے قبل نمرتا کے ساتھ جنسی عمل کیا گیا، لیبارٹری کی رپورٹ سامنے آئی تو نمرتا کے جسم سے تیسرے شخص کا ڈی این اے بھی مل گیا تاہم شناخت نہ ہوسکی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد نمرتا کے کلاس فیلوز نے کالج گیٹ پر احتجاجی کیمپ لگایا تھا۔ وائس چانسلر اور ہاسٹل وارڈن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ اور پلے کارڈز اٹھا کر نعرے بازی کی تھی۔