Friday, April 26, 2024

زیارت میں موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی بڑھ گئی

زیارت میں موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی بڑھ گئی
November 16, 2019
زیارت (92 نیوز) پہاڑوں کی چوٹیوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، زیارت میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کے بعد گرم کپڑے نکل آئے، چند روز کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔ آزاد کشمیر، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور دیگر بالائی علاقوں نے سفید لباس اور زیور زیب تن کرلیا، موتیوں اور روئی کے گالوں نے نظارے حسین کردیئے، زیارت، سنجاوی اور گردونواح میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ سکردو میں برزل ٹاپ پر 4 فٹ برف پڑ چکی ہے جس سے گلتری کے راستے بند ہوگئے، سرحدی علاقے سے تعلق رکھنے والے 30 افراد برفباری میں پھنس گئے، یہ افراد سکردو سے گلتری جا رہے تھے۔ ملک کے میدانی علاقوں میں دو روز کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے ہر چیز کو دھو کر رکھ دیا،لاہور میں جہاں اسموگ کی شدت میں کمی ہوگئی وہیں سردی کی شدت بڑھنے کے باعث گرم ملبوسات بھی نکل آئے۔ ملکہ کوہسار مری میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا، پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی ابر کرم جم کر برسے، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔