Thursday, March 28, 2024

عراق میں پرتشدد مظاہرے، فورسز کی فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

عراق میں پرتشدد مظاہرے، فورسز کی فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
November 16, 2019
بغداد (92 نیوز) عراق میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عراق کی سب سے بڑی مذہبی شخصیت سید علی سیستانی نے ملکی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، عوامی اعتماد کی بحالی کیلئے انتخابی اصلاحات اور نئے انتخابات کی ضرورت پر زور دیا۔ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں، کرپشن اور بڑھتی بے روزگاری کیخلاف یکم اکتوبر کو شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے تا حال جاری ہیں۔ ہزاروں مظاہرین نے دارالحکومت بغداد کے خیِلانی اسکوائر اور گرین زون کو ملانے والے سیِنک پُل پر احتجا ج کیا۔ مظاہرین کو منشتر کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے  آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ یکم اکتوبر سے جاری پُر تشدد مظاہروں میں اب تک تین سو انیس افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔۔ ادھر عراقی دارالحکومت بغداد میں شام ڈھلے، کار بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب عراق کی بااثر مذہبی شخصیت سید علی سیستانی نے انتخابی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاح شدہ انتخابی قانون کے تحت نئے انتخابات کے انعقاد سے عوام کو نئے چہرے ایوان میں لانے کا موقع ملے گا، جس سے ملکی سیاسی نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی۔