Friday, March 29, 2024

چودھری شوگر ملز کیس ، نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور

چودھری شوگر ملز کیس ، نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور
November 8, 2019
 لاہور (92 نیوز) چودھری شوگر ملز کیس میں نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ لاہور کی احتساب عدالت میں شریف خاندان  کی پیشی ہوئی۔ چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور انکے چچا زاد بھائی یوسف عباس احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت فاضل جج امیر محمد خان نے کی۔ نواز شریف کے وکیل نے طبی بنیادوں پر انکی حاضری سے استثنی کی درخواست پیش کی جسے قبول کر لیا گیا۔ دوسری جانب مریم نواز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیونکہ قانون میں اسکی گنجائش موجود ہے کہ ملزم کی ضمانت کے بعد ریفرنس دائر ہونے تک عدالتی حاضری سے استثنیٰ حاصل ہو سکتی ہے اس لیے عدالت انکے موکل کوحاضری سے استثنیٰ دے جس پر عدالت نے پہلے اس بابت تحریری درخواست دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میری ساری توجہ اپنے والد کی صحت پر ہے۔ مولانا کے دھرنے میں شرکت کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہ سکتی۔ عدالت نے یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے  کیس کی مزید سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی جبکہ پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ نیب کی جانب سے مریم نواز شریف اور یوسف عباس کو 08 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔