25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا آغاز
کراچی (92 نیوز) 25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا کراچی گالف کلب میں آغاز ہوگیا۔
25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ 2021، 11 جولائی تک کراچی گالف کلب میں کھیلی جائے گی۔ پیٹرن پاک نیوی گالف (ساؤتھ) ، کموڈور محمد وقار نے کراچی گالف کلب میں افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں کمانڈر کراچی، ریئر ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
25 ویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن چیمپیئن شپ پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز، جونیئر پروفیشنل، امیچرز، سینئرز، ویٹرنز، لیڈیز اور جونیئرز کیٹیگریز میں کھیلی جائے گی۔
پروفیشنلز اور امیچرز کے 72 ہولز میچز، جونیئرز کے لئے 18 ہولز میچز، خواتین اور سینئرز کے 36 ہولز میچز اور ویٹرنز کے لئے 9 ہولز کے میچز رکھے گئے ہیں۔
انعامی رقم 8.5 ملین روپے ہے، اس کے علاوہ، ہول ان ون کے فاتح کے لئے ’’ ٹویوٹا فارچیونر ‘‘ اور دیگر کیٹیگریز کے فاتحین کیلئے مزید انعامات رکھے گئے ہیں۔
پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلنڈر میں قومی سطح کے گالف ایونٹ کو شامل کرنے کے لئے 1995 میں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپین شپ کا پہلا ایڈیشن کھیلا گیا تھا، جس کے بعد یہ قومی گالف سرکٹ کا باقاعدہ اور اہم ایونٹ بن چکا ہے۔ چیمپین شپ کا باقاعدہ انعقاد پاک بحریہ کی قومی سطح پر اس کھیل کے فروغ کے لئے وابستگی کا مظہر ہے۔
افتتاحی تقریب میں عنبر تانیہ انصاری جنرل مینیجر مارکیٹنگ اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ، اسپانسرز، معزز سول / فوجی حضرات اور سینئر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔