Saturday, April 20, 2024

سانحہ تیزگام، 57 میتوں کی شناخت کیلئے لواحقین کے ڈی این اے سیمپلز لیے گئے

سانحہ تیزگام، 57 میتوں کی شناخت کیلئے لواحقین کے ڈی این اے سیمپلز لیے گئے
November 2, 2019
رحیم یار خان (92 نیوز) سانحہ تیزگام کے بعد فضا سوگوار ہے، ناقابل شناخت 57 میتوں کی پہچان کیلئے لواحقین کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے گئے، اسپتال ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کے نتائج 10 روز تک آئیں گے۔ اس دلخراش حادثہ میں زخمی ہونے والے 48 افراد مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، ادھر سرکاری ذرائع کے مطابق ٹرین حادثے میں ابھی تک 45 افراد لاپتہ ہیں۔ رحیم یار خان ضلعی انتظامیہ کے ترجما ن کے مطابق سانحہ تیزگام ایکسپریس میں زندہ جل کر جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہے۔ شیخ زید اسپتال انتظامیہ کے 62 افراد کی لاشوں کو اسپتال کے سرد خانے منتقل کیا گیا ہے، 16 افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ ناقابل شناخت 57 ڈیڈ باڈیز کے ورثاء کے میچنگ ڈی این اے سیمپل لے لیے گئے ہیں۔ ترجمان شیخ زید اسپتال رحیم یار خان نے بتایا کہ حادثہ میں شدید زخمی اور آگ سے جھلسنے والے افراد کی تعداد 48 سے زائد ہے، 17 زخمیوں کا شیخ زید اسپتال میں علاج جاری ہے جبکہ 2 مریض ڈسچارج کیے جا چکے ہیں۔