Friday, April 19, 2024

سلیکٹڈ وزیراعظم کو ملکر گھر بھیجیں گے، بلاول بھٹو

سلیکٹڈ وزیراعظم کو ملکر گھر بھیجیں گے، بلاول بھٹو
November 1, 2019
  اسلام آباد (92 نیوز) عوام کٹھ پتلی نظام کو نہیں مانتے، سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجیں گے، بلاول بھٹو اسلام آباد میں آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بولے نئے پاکستان میں کیسی جمہوریت اور آزادی ہے؟ 70 سال بعد بھی شفاف الیکشن نہیں کرا سکتے، یہ کیسی آزادی ہے کہ بولنے پر بھی پابندی ہے، کٹھ پتلی وزیراعظم نے کشمیر کا سودا کردیا، اداروں کو متنازعہ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے دوران خطاب کہا کہ پوچھتا ہوں نئے پاکستان میں کس قسم کی جمہوریت اور آزادی ہے، یہ کیسی جمہوریت ہے کہ 2018 میں بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں کرا سکتے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر پھینکا جاتا ہے۔ بلاول بھٹو کہتے حکومت اور میڈیا بھی سلیکٹد ہے، بھارتی دہشت گرد کلبھوشن اور بھارتی پائلٹ کا انٹرویو چل سکتا ہے، سابق صدر زرداری کا انٹرویو اور مولانا فضل الرحمٰن کی پریس کانفرنس نہیں چل سکتی، یہ کیسی جمہوریت اور کس قسم کا نیا پاکستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری معیشت اور بجٹ آزاد نہیں ہے، جب ہمارے مالیاتی اداروں کے سربراہوں کا فیصلہ آئی ایم ایف کرے گا تو ہم آزاد نہیں ہیں، ہمیشہ سلیکٹڈ حکومت عوام پر بوجھ ڈالتی ہے، سلیکٹڈ حکومت عوام کے ووٹوں اور طاقت کی وجہ سے حکومت نہیں کر رہے، وہ سازشوں کی وجہ سے اقتدار میں آئے ہیں، وہ سلیکٹرز کی وجہ سے اقتدار میں آئے ہیں۔ چیئرمین پی پی کہتے ہیں گزشتہ ایک سال میں معاشی دہشت گردی میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا، وہ عمران جو وعدہ کرتا تھا دو نہیں ایک پاکستان بنے گا، وہ عمران آج غریبوں کو تکلیف اور امیروں کو ریلیف پہنچاتا ہے، اربوں پتی کے لیے بیل آئوٹ ہوتا ہے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ہوتی ہے، عام آدمی اور سفید پوش طبقہ کے لیے کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں، مہنگائی کی سونامی ہے، یہ سب صرف اس لیے کہ ہمارا وزیراعظم سلیکٹڈ ہے۔ بلاول بھٹو نے خارجہ پالیسی کا تذکر ہ کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہوگا تو خارجہ پالیسی پر بھی اثر ہوگا، کٹھ پتلی وزیراعظم کے دور میں کشمیر پر تاریخی حملہ ہو رہا ہے، ہمارا وزیراعظم قومی اسمبلی میں کہتا ہے میں کیا کروں، ہمارا وزیراعظم کشمیر میں نسل کشی کی بات نہیں کرتا، ہمارا وزیراعظم کشمیر پر صرف تقریریں کرتا اور ٹویٹس کرتاہے، عوام کو یہ منظور نہیں ہے، کشمیر پر سودے بازی کے خلاف آخر تک لڑتے رہیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے ملک اور ہرسیاسی جماعت کا ایک ہی پیغام ہے ، گو سلیکٹڈ گو۔ مزدوروں، کسانوں، تاجروں ہم سب کا، پاکستان کا نعرہ ہے، گو سلیکٹڈ گو۔ یقین دلاتا ہوں ہر جمہوری قدم میں آپ کے ساتھ ہوں گے۔