Thursday, April 18, 2024

فردوس عاشق نے فواد ، اسد عمر ،شیریں مزاری کی شکایت لگا دی

فردوس عاشق نے فواد ، اسد عمر ،شیریں مزاری کی شکایت لگا دی
October 30, 2019
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،ذرائع کے مطابق فردوس عاشق نے فواد چودھری ، اسد عمر ،شیریں مزاری کیخلاف وزیراعظم کوشکایت لگا دی۔ فردوس عاشق نے کہا کہ پیمرا فیصلے پرارکان نے سوشل میڈیا پر تنقید کی، ساتھی وزیرمجھ پر ایسے تنقیدکرتے ہیں جیسے میں اپوزیشن میں ہوں۔ تاثر یہ جاتا ہے حکومت ایک پیج پر نہیں، ایسے لگتاہے میرے ساتھی وزرا میرے خلاف سازش کررہے ہیں۔ فواد چودھری بولے جب فیصلے کرکے گھنٹوں میں واپس لیے جائیں توحکومت کی سبکی ہوتی ہے ، آپ فیصلے کرتے ہیں اورکسی کوپتہ ہی نہیں ہوتا،ایسے فیصلے کرنے سے پہلے اعتماد میں لینا ضروری ہے ،جوغلط فیصلے ہونگے اسے کس طرح مان سکتے ہیں۔ شیریں مزاری نے کہا جمہوری حکومت میں کسی کی آواز نہیں دبائی جاتی ، ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں آزادی مارچ پربھی گفتگوکی گئی۔وزیراعظم کوبریفنگ دی گئی کہ آزادی مارچ کوکمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہا آزادی مارچ سے متعلق معاہدہ کرنا اچھا فیصلہ ہے ،حکومتی مذاکراتی کمیٹی آزادی مارچ سے متعلق بااختیار ہے ، احتجاج پرامن اورقانون کے دائرے میں ہو تو رکاوٹ نہیں کھڑی کریں گے ۔معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو سخت ایکشن ہوگا،حکومت نے نوازشریف کوعلاج کی ہرممکن سہولیات فراہم کیں، نوازشریف کی صحت سے متعلق کوئی بیان نہ دیاجائے ۔ عمران خان نے کہاحکومت کسی ڈیل کاحصہ نہیں، کرپشن کیسزپرکوئی سمجھو تہ نہیں کریں گے ۔