Thursday, April 25, 2024

پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر،طیارہ دھونے کیلئے ٹربائن لگانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر،طیارہ دھونے کیلئے ٹربائن لگانے کا فیصلہ
October 30, 2019
لاہور ( روزنامہ 92 نیوز) پنجاب حکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر اور بیچ جیٹ دھونے کیلئے 56لاکھ کی لاگت سے پرانے ائیرپورٹ پر ٹربائن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ لاہور کے پرانے ائیر پورٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے سرکاری دوروں کے استعمال ہونے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹرایم آئی  172اور ہاکر 400بیچ جیٹ ایکس پی پارک ہیں۔ پنجاب حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ پرانے ائیر پورٹ پر پنجاب حکومت کے دفاتر بھی ہیں جو اس ہیلی کاپٹراور جیٹ کی حفاظت ، دیکھ بھال اور انتظامی امور کو دیکھتے ہیں۔ مواصلات و تعمیرات کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ پرانے ائیر پورٹ پر لگا ہوا ٹیوب ویل کافی عرصے سے نان فنکشنل ہے جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی میں کافی دشواری ہوتی ہے ۔ نئی ٹربائن کے پانی کا استعمال کثیرالمقاصد ہوگا جس کی اشد ضرورت ہے ۔ پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ کے استعمال کیلئے روس سے 4 ارب 47 کروڑ سے جدید ہیلی کاپڑ ایم آئی 172 اپریل 2017میں خریدا تھا ۔اس ہیلی کاپٹر آرام دہ سیٹیں، ائرکنڈیشن یونٹ، واش روم، اور وی وی اؔٓئی پی  کیبن بنایا گیاتھا۔ ہیلی کاپٹر میں عملے کے 4 افراد سمیت 14 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ پنجاب حکومت کے ایک سینئر افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی اصل قیمت ایک ارب اور 40 کروڑ ہے ، باقی کے اخراجات اس کی ترسیل، ضروری ترامیم، عملے کی تربیت، لینڈنگ، ساتھ رہنے والے عملے کی رہائش، مراعات، سکیورٹی اور کسٹم کی مد میں ادا کئے گئے ۔