Wednesday, April 24, 2024

پاک بحریہ ، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے مشترکہ آپریشن میں منشیات قبضے میں لے لی گئی

پاک بحریہ ، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے مشترکہ آپریشن میں منشیات قبضے میں لے لی گئی
October 22, 2019
 کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ ، پاکستان کسٹمز اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے مشترکہ آپریشن میں منشیات قبضے میں لے لی گئی۔ پاک بحریہ ، پاکستان کسٹمز اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے بلوچستان کے علاقے پشوکان کے نزدیک جیوانی میں مشترکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد منشیات آپریشن کرتے ہوئے القمبرنامی فشنگ بوٹ کے ساتھ عملے کے 12 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ قبضے میں لئے گئے جہاز سے 102.90 کلو گرام کرسٹل اور 171.15 کلو گرام سینتھک ہیروئن کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں منشیات برآمد کر لی۔ برآمد کی گئی منشیات کو کشتی میں خصوصی طور پر بنائے گئے خفیہ حصوں میں چھپایا گیا تھا۔ برآمد کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 2740.5 ملین روپے ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے قبضے میں لی گئی منشیات کسٹم حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پاکستان ، پاکستان کے سمندری زون میں واحد قانون نافذ کرنے والی ایجنسی ہے جو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے انسداد کے لیے اپنے بحری اور ہوائی جہازوں کے ساتھ مستقل طور پر سمندر میں موجود رہتی ہے۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا کامیاب آپریشن اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پاکستانی پانیوں میں کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے بچاو کے لیے ہر دم تیار اور پر عزم ہے۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی سمندر میں قانون کے نفاذ کے لیے عائد اپنی قومی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھاتی رہے گی۔