Friday, April 26, 2024

کرد جنگجوؤں نے شمالی شام کے قصبے کو مکمل طور پر خالی کردیا

کرد جنگجوؤں نے شمالی شام کے قصبے کو مکمل طور پر خالی کردیا
October 21, 2019
انقرہ ( 92 نیوز) کرد جنگجوؤں نے شمالی شام کے قصبے کو مکمل طور پر خالی کر دیا ، امریکی فورسز کے انخلاء کے بعد شامی فورسز نے راقا میں پوزیشنز سنبھال لیں ، ترک صدر طیب اردوان کہتے ہیں کہ امریکا شام کی جنگ کے حوالے سے کیا گیا وعدہ پورا کرے۔ امریکا اور ترکی کے مابین جنگ بندی کے معاہدے کے بعد کردوں کی زیر قیادت سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے تل آبائید سے راس العین تک کے علاقے کو مکمل طور پر خالی کر دیا ہے۔ تقریباً 50 گاڑیاں بشمول ایمبولینسز کو علاقے سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے  اور فوجی یونیفارم میں ملبوس سیکڑوں جنگجو بھی پک اپ گاڑیوں میں سوار ہو کر علاقے کو چھوڑ گئے۔ معاہدے میں کیے گئے وعدہ کے مطابق امریکی فورسز نے راقا کے علاقے سے انخلاء شروع کر دیا اور شامی فورسز نے راقا میں پوزیشنز سنبھال لیں۔ امریکا کے خالی کیے ہوئے بیس پر شامی جھنڈے بھی لہراتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ امریکا شام کی جنگ کے حوالے سے کیے گئے وعدے کا پاس کرے۔