Friday, April 19, 2024

کاتالونیا، علیحدگی پسندوں کی ریلی پُرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہو گئی

کاتالونیا، علیحدگی پسندوں کی ریلی پُرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہو گئی
October 19, 2019
کاتالونیا (92 نیوز) اسپین کی متنازعہ ریاست کاتالونیا میں لاکھوں علیحدگی پسندوں کی ریلی پُرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہو گئی۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کاتالونیا کو اسپین سے الگ کرو، ہمارے قیدی واپس کرو اور اس جیسے کئی نعرے لگاتے لاکھوں مظاہرین چند گھنٹوں تک پُر امن رہنے کے بعد ایک بار پھر مشتعل ہو گئے۔ بارسلونا کی سڑکوں پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ پتھر ہو یا کچھ اور۔ مظاہرین کے ہاتھ جو لگا، پولیس کو دے مارا۔ جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی گئی۔ کئی مقامات پر مظاہرین اتنے اشتعال میں آئے کہ کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ متعدد عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے ایک بینک بھی لوٹ لیا۔ مظاہرین کاتالونیا سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں اور کارکنوں کی رہائی کا پُر زور مطالبہ کر رہے ہیں، جن کو چند روز قبل اسپین کی سپریم کورٹ نے 13 سال تک قید کی سزا سنائی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد، اسپین میں پُر تشدد مظاہروں کا آغاز ہوا، جو اب تک تھم نہیں سکا۔