Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم کی سعودی فرمانروا ،ولی عہد سے ملاقات ، معاملات گفتگو سے حل کرنے پر زور

وزیر اعظم کی سعودی فرمانروا ،ولی عہد سے ملاقات ، معاملات گفتگو سے حل کرنے پر زور
October 16, 2019
ریاض ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان  خطے میں  امن کے مشن پر گامزن ہیں ، سعودی عرب اور ایران  میں کشیدگی ختم کرنے کے لئے وزیر اعظم دورہ ایران کے بعد  سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان  اور   ولی عہد  محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک روزہ دورہ سعودی عرب میں سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل کر نے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے سعودی فرمانرواکودورہ ایران سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی،دوطرفہ تعلقات،علاقائی امور اور خطے کی امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے کہا پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،حرمین کے تقدس اور حرمت کیلئے پاکستانی قوم یک آواز ہے ۔ عمران خان نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ہندوستان کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات،کشمیری عوام پر ظلم وستم اور اس سے علاقے کی سکیورٹی کو لاحق خطرات سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے وسیع تر خطے میں سکیورٹی صورتحال اور امن و امان کی کوششوں پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفود کی سطح پر ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا خلیجی ممالک سمیت پورے خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں، خطے میں ہر قسم کے تنازعات اور اختلافات کا سیاسی رابطوں اور سفارتکاری سے حل ممکن ہے ۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تو ریاض ائیرپورٹ پر گورنر ریاض فیصل بن بندر بن عبد العزیز آل سعود اور وزیر مملکت اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے انکا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے عالمی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ا یران اور امریکہ کے درمیان سہولت کاری کیلئے کہا ہے ،دورہ ایران میں صدر حسن روحانی سے اس حوالے سے بات ہوئی،ایرانی صدر کو امریکی پیشکش سے آگاہ کیا،صدر ٹرمپ جنگ پر یقین نہیں رکھتے ،نیویار ک میں کہا تھا کہ ایران ، امریکہ کشیدگی کم کرانے کی کوشش کروں گا، میرے خیال میں دونوں ممالک بات چیت سے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ایران امریکہ کشیدگی میں امریکہ کا معاملہ زیادہ گھمبیرہے ،زیادہ تفصیل میں نہیں جاناچاہتا،دیکھتے ہیں ایران اورامریکہ کے معاملات آگے کیسے بڑھتے ہیں۔ اس سے پہلے اسلام آباد میں وزیراعظم سے بین الاقوامی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو اور پاک قطر تکافل کے چیئرمین شیخ علی بن عبداللہ ثانی الثانی نے ملاقات کی۔اس موقع پر شیخ علی بن عبداللہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ پاک قطر تکافل کی پاکستان میں 70 شاخیں ہیں اور اب ان کا گروپ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ ہاؤسنگ اور میزبانی کی صنعت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہا ہے  ،انہوں نے خطے میں امن اور سلامتی کے لئے وزیراعظم کی کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔