Friday, April 19, 2024

ینگ ڈاکٹرز دوسرے دن بھی سراپا احتجاج، اسپتالوں کی او پی ڈیز میں کام بند

ینگ ڈاکٹرز دوسرے دن بھی سراپا احتجاج، اسپتالوں کی او پی ڈیز میں کام بند
October 12, 2019
 لاہور (92 نیوز) گرینڈ ہیلتھ الائنس نے مفادات کی خاطر مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دیں۔ پنجاب میں مسیحا دوسرے دن بھی سراپا احتجاج ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز، ان ڈور اور آپریشن تھیٹر میں کام بندہے۔ لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اور نرسنگ اسٹاف نے کام چھوڑ رکھا ہے۔ سروسز، جناح، میو، پی آئی سی، چلڈرن، جنرل اور گنگا رام سمیت دیگر اسپتالوں میں او پی ڈیز، ان ڈور اور آپریشن تھیٹر میں کام مکمل بند ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریض بیماری کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کے رویوں سے بھی سخت پریشان ہیں۔ ملتان کے بڑے سرکاری نشتر اسپتال میں بھی ڈاکٹروں نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے اعلان کیا کہ ہے کہ ظالمانہ ایکٹ کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا۔ فیصل آباد کے الائیڈ اور سول اسپتالوں کی او پی ڈیز، لیبارٹریاں اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ علاج کی غرض سے آنے والے مریض ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کیلئے آنے والے مریضوں نے حکومت سے معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔