Friday, March 29, 2024

تیسرا ٹی ٹوئنٹی ، سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیدی

تیسرا ٹی ٹوئنٹی ، سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیدی
October 9, 2019

لاہور (92 نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے مابین تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی  میں سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیدی۔

 ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ون ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر آٹھویں نمبر کی ٹیم کے ہاتھوں بدترین شکست ہو گئی۔ سری لنکا کی بے بی ٹیم نے پہلی بار مضبوط پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں وائٹ واش کر دیا۔ تیسرے میچ میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیدی۔

سری لنکا کی جانب سے 148 رنز کا معمولی ہدف قومی ٹیم نے کوہ گراں بنا لیا۔ اوپنرفخر زمان پہلی بال پر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے ۔ بابر اعظم بھی محض 27 رنز بنا کر چلتے بنے۔

حارث سہیل نے 50 گیندوں پر 52 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم نے  3 اور آصف علی نے صرف ایک رنز بنایا۔  

کپتان سرفراز احمد تیسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور 17 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی بجائےبیچ منجدھار چھوڑ گئے۔  

افتخار احمد 17 اور وہاب ریاض 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کے وانیندو ہارسنگا نے تین، لہروکمارا نے دو اور راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ،ہارسنگا مین آف دی میچ قرار پائے۔  

سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ، جن میں اوشاڈا فرنینڈو کے شاندار ناقابل شکست 78 رنز بھی شامل تھے ۔ انہوں نے تین چھکے اور آٹھ چوکے لگائے۔

پاکستان کے محمد عامر نے تین ،وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ شاداب خان اور عثمان شنواری کوئی وکٹ نہ لے سکے۔